GW TV

Gujranwala Based News

صحت

ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف کی وین کے نیچے کچلے جانے والے مسیح کے گھر آمد

گوجرانوالہ : ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف کی تھانہ کوتوالی پولیس اسٹیشن کی وین کے نیچے کچلے جانے والے گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سینٹری ورکرعاشق مسیح کے گھر آمد،ڈپٹی کمشنر نے قیمتی جان کے ضیاع پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور اس المناک واقعہ میں ورکر کی ہلاکت کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے جاں بحق ہونے والےورکر کےخاندان سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی،ان کے ہمراہ چیف ایگزیکٹو آفیسر گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عتیق الرحمن،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)علی اکبر بھنڈر،اسسٹنٹ کمشنر (صدر)ساریہ حیدراور دیگر ہمراہ تھے۔
جمعہ کے روز علی الصبح 6 بجے کے قریب کوتوالی پولیس کے ڈرائیور عنائیت نے کھیالی دروازے کے قریب معمول کے مطابق صفائی ڈیوٹی پر۔ ما مور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سینٹری ورکر عاشق مسیح اور ایک راہ گیر پر وین چڑھا کر انہیں کچل ڈالا تھا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئے تاہم ان کو فوری طبی امداد کیلئے تشویش ناک حالت میں لاہور منتقل کیا گیاجہاں وہ زیر علاج رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہارگئے۔ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ،سی ای اوگوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میاں عتیق الرحمان،اسسٹنٹ کمشنر صدر ساریہ حیدر اور دیگر کے ہمراہ وفات پا جانیوالے سینٹری ورکر عاشق مسیح کے گھر پہنچے، جہاں پر انہوں نے مرحوم کے ورثاء کے ساتھ اظہار افسوس کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیس حکام نے غفلت برتنے والے ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے انہوں نے متاثرہ خاندان کی مالی امداد کے ساتھ ساتھ فوری طور پر راشن کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔مرحوم ملازم کے بیٹے کو 17 اے کے تحت ملازمت دینے اور محکمانہ واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ سنگین انسانی غلطی ہے جس سے ایک قیمتی انسانی جان کا ضیاع ہوا ہے اور گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ایک محنتی، دیانتدار اورفرض شناس ورکر سے محروم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب ڈرائیور کے خلاف محکمانہ کاروائی کے ساتھ ساتھ قانونی کاروائی بھی عمل میں لانے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر سے مسیحی برادری کے نمائندوں نے ملاقات کی اور متاثرہ خاندان کی مدد کرنے اور انکے دکھ میں شریک ہونے کے اقدام کو سراہا۔ میڈم سدرہ، سنیٹری ورکرز یونین کے عہدداران امجد علی، عمران خالد، بنیامین مٹو اور دیگر بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔

LEAVE A RESPONSE

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

×