GW TV

Gujranwala Based News

گوجرانوالہ

کرونا ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کو مزید متحرک اور فعال بنانے کا فیصلہ

گوجرانوالہ: کرونا ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کو مزید متحرک اور فعال بنانے کا فیصلہ‘ اس سلسلہ میں ہونے والے ایک اہم ویڈیو لنک اجلاس میں کرونا ٹائیگر فورس کے کوآرڈینیٹر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ٹائیگر فورس کے ہزاروں رضا کار قومی خدمت اور جذبے سے سرشار ہو کر بے لوث اور رضا کارانہ خدمات سرانجام دینے کیلئے تیار ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ان رضا کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرے تاکہ ان رضا کاروں سے زیادہ بہتر‘ منظم اورنتیجہ خیز ڈیوٹی لی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں 83 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ہونے والے ٹائیگر فورس رضا کاروں  میں سے44ہزار سے زائد نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مختلف سرکاری محکموں‘ عوامی مقامات‘ ہسپتالوں‘ مساجد اور دیگر جہگوں پر رضا کارانہ طور پر خدمات سرانجام دیں جو کہ ایک انتہائی قابل ستائش اقدام ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی‘ چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک‘ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر اور دیگر اعلی  صوبائی‘ ڈویژنل اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔ گوجرانوالہ ڈویژن سے کمشنر گوجرانوالہ گلزار حسین شاہ اور آر پی او ریاض نذ‘یر گاڑا سمیت دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ تمام اضاع کرونا ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے جامع پلان مرتب کریں جس میں ان رضا کاروں کو کرونا سے محفوظ رہتے ہوئے خدمات کی ادائیگی کو خصوصی اہمیت دی جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کرونا ٹائیگر فورس کے لئے ایک مخصوص شناختی کارڈ اوریونیفارم کا بھی اہتمام کیا جائے تاکہ ان کی شناخت میں آسانی ہو اور خدمات کی ادائیگی کرتے ہوئے ان کو دقت نہ آئے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی  نے  کہا کہ بلا شبہ کرونا کے پھیلاؤ کو روکنا ایک بہت بڑا قومی ٹاسک ہے جس کو حکومتی اداروں کے ساتھ ٹائیگر فورس اور عوام مل کر ہی کامیاب بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ وزیراعظم کے ویژن اورہدایات کے تناظر میں کرونافورس کو زیادہ منظم‘ فعال اور نتائج دکھانے کیلئے ہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبہ بھر میں ٹائیگر فورس کے چھ لاکھ سے زائد رجسٹرڈ رضا کاروں کی خدمات سے کرونا اور دیگر مسائل پر قابو پانے میں بڑی مدد مل سکتی ہے اور یہ بات بڑی خوش آئند ہے کہ صوبہ بھر میں قریباً دو لاکھ رضا کاروں نے  بلا معاوضہ اپنی خدمات سرانجام دی  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیاسی اور عوامی نمائندوں‘ حکومتی اداروں‘ کرونا ٹائیگر فورس اور عوام کو مل کر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہونگی۔
اس موقع پر کمشنر گلزار حسین شاہ اور آر پی اوریاض نذیر گاڑا نے بھی کرونا ٹائیگر فورس کی خدمات کو سراہتے ہوئے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں 83ہزار رجسٹرڈ رضا کاروں کوان کی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے سلسلہ میں ہرممکن سہولت دی جارہی ہے اور اسمارٹ لاک ڈاؤن‘ ٹڈی دل کے تدارک‘ معاشی مشکلات کا شکار خاندانوں کی نشاندہی سمیت دیگر سرگرمیوں میں ان کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔

LEAVE A RESPONSE

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

×