GW TV

Gujranwala Based News

گوجرانوالہ

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی ملاقات، کورونا کے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے تفصیلی گفتگو۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی ملاقات،ضلعی انتظامیہ کا کورونا کے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات بارے تفصیلی گفتگو۔
ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرنے والے وفد میں صدر محسن یعقوب بٹ،جنرل سیکرٹری رانا فرحان،سینئر نائب صدر عنایت رسول اُپل شامل تھے،اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)علی اکبر بھنڈر،اسسٹنٹ کمشنر ز(سٹی عثمان سکندر،صدر ساریہ حیدر)بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا کی وباء اپنے عروج پر ہے، 3سے 6فٹ فاصلہ،ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال ہی کورونا وباء سے محفوظ رہنے کا موئثر ترین ذریعہ ہیں،شہری احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں،اداروں سے تعاون کریں تا کہ مشترکہ کوششوں سے کورونا کی وباء کے مزید پھیلاؤ کو روکا اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف پوری طرح یکسوء اور پوری طرح متحرک ہے،صارفین کو لوٹنے والوں کے خلاف کاروائیوں میں ضلع گوجرانوالہ پنجاب بھر میں تیسرے نمبر پر ہے۔سینکڑوں افراد کو ناجائز منافع خوری پر جیل کی سیر کرائی گئی اور ہزاروں کو جرمانے کیے گئے ہیں تا کہ شہریوں کو اشیائے خوردونوش،پیٹرولیم مصنوعات مقررہ نرخوں پر فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر کی طرح گوجرانوالہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں کمی کا سامنا ہے جو عارضی اور محدود سطح کا ہے،متعدد فلنگ سٹیشنز پر حکومتی نرخوں پر پیٹرولیم مصنوعات دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری غیر ضروری طور پر ضرورت سے زیادہ پیٹرولیم مصنوعات خریدنے سے اجتناب کریں تا کہ مصنوعی قلت کو بہتر حکمت عملی سے جلد ختم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع گوجرانوالہ میں اب تک 8493افراد کے سیمپلز لیے گئے ہیں جن میں سے 2081افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت رپورٹ ہوا ہے جبکہ 6286افراد کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹو رپورٹ ہوا ہے اور 126افراد کے ٹیسٹوں کی رپورٹ موصول ہونا باقی ہے جو کہ آج رات تک وصول ہو جائے گی،انہوں نے بتایا کہ اب تک 473افراد مکمل طور پر صحت یاب ہو کر گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔ میں شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جتنا محدود رہیں گے اتنا محفوظ رہیں گے،عام شہری اور کاروباری افراد حفاظتی تدابیر ضرور اپنائیں تا کہ خود کے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے کیے جانے والے اقدامات بارے بتایا کہ پنجاب بھر میں ضلع گوجرانوالہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے کیے جانے والے ٹھوس اور موئثر اقدامات میں تیسری پوزیشن پر موجود ہے،یکم مئی سے اب تک ضلع گوجرانوالہ میں میں 47ہزار 8سو 61کاروائیاں کی گئیں جن میں 6ہزار 7سو 73خلاف ورزیاں پائی گئیں،2کروڑ59لاکھ52ہزار 1سو روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 150افراد کے خلاف ایف آئی آر (FIR)اور 256افراد کو حوالات میں بند کروایا گیا۔

صدر بار ایسوسی ایشن گوجرانوالہ محسن یعقوب بٹ نے گوجرانوالہ میں کورونا کے کیسز میں اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے اور ڈبلیو ایچ او کی تجاویز کی روشنی میں تجویز کیا کہ صحت کے شعبہ پر دباؤ کم کرنے،کورونا کی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اگر لاک ڈاؤن کرنے کی ضرورت ہے تو حکومتی سطح پر معاملہ کو اُٹھایا جائے تا کہ بروقت اور درست فیصلے 2912سے قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے،جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں موجود ہ صورتحال اور آپ کی تجاویز کو حکومتی سطح پر اُٹھایا جائے گا اور صوبائی سطح پر اس سلسلہ میں کیے جانے والے مناسب احکامات پر عملدرآمد بھی کرایا جائے گا۔

LEAVE A RESPONSE

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

×