GW TV

Gujranwala Based News

سیاست

معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وزیرآباد میں پریس کانفرنس……

گجرانوالہ معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان وزیر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی ہیں

گوجرانوالہ( حافظ عبدالرحمٰن منہاس سے)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے ایم پی ایز اور ایم ایز نے سیاسی اسٹیجوں پر جعلی راجکماری کے ہمراہ ڈسکہ اور وزیر آباد میں پی ٹی آئی قیادت کوشدید ذاتی تنقید کا نشانہ بنایا،پی ڈی ایم کے نام پر 11جماعتوں کا چورن ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہورہا ہے،وزیر آباد میں ن لیگ کے درباری,حواری اور مافیا دندنا رہے ہیں،پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز نے جرات مندی سے ان مافیاز کا مقابلہ کرکے انہیں دم دبا کر بھاگنے پر مجبور کردیا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ گوجرانوالہ ڈویژن میں19فروری کوہونےوالے انتخابات میں آپس میں 2نظریات ٹکرانے جارہے ہیں،اپوزیشن کا نظریہ لوٹ ماراورلوٹ کھسوٹ کرناجبکہ دوسرے کا نظریہ پاکستان کی خوشحالی اور استحکام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی ساری کی ساری سیاست اپنے خاندان پر مرکوز ہے،دونوں حلقوں میں سیاسی جانشین ان کے گھر سے ہیں کسی ورکرکو اس قابل نہیں سمجھا گیا۔پی ڈی ایم والے عوام کے حقوق کے قاتل ہیں اور موروثی سیاست کو پروان چڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والے مافیاز کے ساتھ لڑ کرسیاست کو منشیات فروشوں, قبضہ مافیا اور سیاسی یتیمو ں ںسے پاک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں اپوزیشن کو ہموار میدان دیا گیا اور برداشت کا کلچر پروان چڑھایا ہے۔ ایک ایک گھنٹہ اپوزیشن لیڈرز ٹی وی چینلز عمران خان کو حرف تنقید بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ٹولے کی سیاست صرف عمران خان کے نام تک محدود ہوچکی ہے۔جعلی راجکماری کے سیاسی استاد پرویز رشید بھی نادہندگان کے استاد نکلے۔ اگر ان کے سیاسی گروہ کی کرپشن اور لوٹ مار کا یہ حال ہے تو چیلے کیسے ہوں گے ، آپ خود اندازہ لگا لیں۔انہوں نے کہاکہ پرویز رشید نے 2010 کے بعد پنجاب ہاؤس میں رہنے کے باوجود ایک دھیلا بھی کرائے کی مد میں جمع نہیں کروایا۔ ان کے ذمے 95 لاکھ روپے کی خطیر رقم واجب الادا ہے۔اس سے ثابت ہوگیا کہ ن لیگ نے پنجاب ہاؤس سمیت تمام سرکاری اداروں کو کس بے رحمی سے ذاتی مقاصد کے لئے لوٹا اور نوچا۔انہوں نے کہا کہ پرویز رشید نے گذشتہ دس سالوں سے پنجاب ہاوس کو ذاتی جاگیر سمجھ کر وہاں بستر لگا رکھا تھا۔ ن لیگ نے پنجاب ہاؤس کو اوڑھنا بچھاونا بنا رکھا تھا۔ انہوں نے پنجاب ہاؤس کو سیاسی کمین گاہ بنا رکھا تھا جہاں سے اپوزیشن پر گولہ باری کی جاتی اور ملک کے خلاف سازشیں کی جاتیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مولانا عطاالرحمن نے کل نوشہرہ میں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار کے جلسہ میں جمعہ کے دن مساجد کے منبروں کو انتخابی مہم کیلئے استعمال کرنے کا اعلان کرکے دراصل الیکشن کمیشن کو کھلا چیلنج دیا ہے۔مولانا عطا ءالرحمن نے منبررسول کو سیاست کیلئے استعمال کرنے کا اعلان کرکے ایک بار پھر مذہبی کارڈ کھیلاہے۔الیکشن کمیشن مولانا عطاءالرحمن کے اعلان کا نوٹس لے کیونکہ جمعہ کے دن ہی ضمنی انتخابات کی پولنگ بھی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضمنی الیکشن کو خراب کرنے والوں عناصر سے حکومت سختی سے نمٹے گی اورآئین اور قانون کی بالادستی قائم کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما احمد چٹھہ بھی موجود تھے۔

LEAVE A RESPONSE

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

×