GW TV

Gujranwala Based News

گوجرانوالہ

عدل و انصاف کی فراہمی کے لئے مقدمات کا اندراج اور تفتیش میرٹ پر کی جائے۔ آر پی او کی ضلعی افسران کو ہدایت

گوجرانوالہ : ریجنل پولیس آفیسر ریاض نذیر گاڑا نے کہا کہ عدل و انصاف کی فراہمی کے لئے مقدمات کا اندراج اور تفتیش میرٹ پر کی جائے۔شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے پولیس افسردن رات ایک کر دیں۔غیر قانونی حراست، تشدد کی صورت میں کوئی رعائیت نہیں دی جائے گی۔کسی معاملے میں قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تھانہ جات اور دفاترمیں آنے والے سائلین سے انتہائی شائستگی سے پیش آئیں۔ہر پولیس افسر اور اہلکار اپنے افعال کا خودذمہ دار ہو گا۔سستی اور کاہلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے سی پی او گوجرانوالہ اور ریجن بھر کے ڈی پی اوز سے ویڈیو لنک کے ذریعے میٹنگ کرتے ہوئے کیا۔ دوران میٹنگ آر پی او نے کہا کہ شہریوں کی شکایتوں کے حل میں دلچسپی نہ لینے اورپیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران واہلکار کسی صورت میری ٹیم کا حصہ نہیں رہیں گے،لہذااِن کا بروقت احتساب فورس کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے نہایت ضروری ہے۔  آر پی او نے کہا کہ جرائم کی بیخ کنی میں ایس ڈی پی او کا بنیادی رول ہوتا ہے لہٰذا اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے موثر کردار ادا کریں اور احساس ذمہ داری اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ فرائض کی بجا آوری میں خوف خدا کا عنصر شامل کریں۔ تندہی، ایمانداری اور دیانتداری سے اپنی ڈیوٹی ادا کریں۔۔متحارب گروپوں میں صلح کروانے کے لئے پولیس اپنا موثر کردار ادا کرے تاکہ قتل و غارت کے سلسلے کا انسداد کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں سے بدسلوکی یا بد کلامی اور غیر قانونی حراست کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسا کرنے والے افسران خود کو کڑے احتساب کیلئے تیار رکھیں۔ریجنل پولیس آفیسر ڈی پی او ز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فورس کی پرفارمنس میں بہتری کیلئے ہر سطح پر جزاو سزا کے عمل کو فروغ دیا جائے اور غیر ذمہ داری کا مظاہر ہ کرنے والوں کے محاسبے کے ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی جائے۔

LEAVE A RESPONSE

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

×