GW TV

Gujranwala Based News

گوجرانوالہ

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ کی اعلی عہدہ داران کے ساتھ منعقدہ ایک ویڈیو لنک اجلاس…

گوجرانوالہ (حافظ عبدالرحمٰن منہاس سے ) کمشنرگوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ نے کہا ہے کہ تجارتی اور صنعتی سر گرمیوں کو فروغ دینے کے سلسلہ میں نرم شرائط پر طویل المدتی قرضہ جات کی فراخ دلانہ فراہمی بیحد ضروری ہے اور گوجرانوالہ کو معاشی سر گرمیوں کا مرکز بنانے کے سلسلہ میں ایسی تاجر دوست اور بزنس فرینڈلی پالیسیاں زیر غور ہیں جو حقیقی معنوں میں معاشی ترقی و خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی-
انہوں نے ان خیالات کاا ظہار مختلف سرکاری و غیر سرکاری بینکوں کے اعلی عہدہ داران کے ساتھ منعقدہ ایک ویڈیو لنک اجلاس میں کیا-
کمشنر نے کہاکہ موجودہ حکومت ملکی معیشت کی مستقل بحالی اور تجارتی و کاروباری سر گرمیوں کو ممکنہ حد تک وسعت اور فروغ دے کر ڈویژن کی جی ڈی پی میں سالانہ 8 ارب ڈالر کا اضافہ اور اگلے 5 سالوں میں گوجرانوالہ ڈویژن کا جی ڈی پی 20 ارب ڈالر سے بڑھا کر 40ارب ڈالر تک لے جانے کے سلسلہ میں سنجیدہ، ٹھوس اور دور رس حکمت عملی وضع کر رہی ہے- جس کی کامیابی میں تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول سرکاری وغیر سرکاری بینکوں کا بڑا ہم کردار ہے – انہوں نے کہاکہ عمو می طور پر مالیاتی ادارے طویل المدتی نرم شرائط پر کاروباری قرضوں کے اجراء میں دلچسپی نہیں رکھتے اور وہ شارٹ ٹرم اور انتہائی محدود فنانسنگ پر ہی اکتفا کرتے ہیں – جس سے حقیقی معنوں میں کاروباری سر گرمیاں فروغ نہیں پاتیں اور تاجر، صنعت کار اور کاروباری افرا د اس محدود فنانسنگ سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا پاتے- انہوں نے کہاکہ موجودہ معاشی صورتحال یہ تقاضاکرتی ہے کہ بینک اس حوالہ سے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں اور فراخ دلانہ، نرم شرائط پر قرضہ جات کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں تاکہ کاروباری اور تجارتی سر گرمیاں فروغ پائیں اور جی ڈی پی میں خاطر خواہ اضافہ ممکن بنایا جا سکے-
اجلاس میں شریک سرکاری وغیر سرکاری بینکوں کے اعلی افسران نے کمشنر کو بتایاکہ فنانسنگ کے مختلف شعبوں کو اسٹیٹ بنک کی ہدایات کے تحت ہی ریگولیٹ کیا جاتا ہے اورطویل المدتی فنانسنگ کے سلسلہ میں حکومت اور اسٹیٹ بنک جو بھی پالیسی وضع کریں گے تمام بینک اس پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے- انہوں نے ڈویژن کی معاشی ترقی و خوشحالی اور جی ڈی پی میں نمایاں اضافہ کے لئے کمشنر کی مسلسل کاوشوں اور ذاتی دلچسپی کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اس سلسلہ میں میں ان کے ساتھ ہیں اور ایوان ہائے صنعت و تجارت کے عہدہ داران اور نمائندگان کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں –

LEAVE A RESPONSE

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

×