GW TV

Gujranwala Based News

کاروبار گوجرانوالہ

عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی پذیر ممالک میں شامل کرنا ہماری حکومت کا ویژن ہے

گوجرانوالہ : عثمان ڈارمعاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے یوتھ افیئرز نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کا ویژن ہے کہ ہم نے پاکستان کو ترقی پذیر ممالک میں شامل کر کے اسے مثالی ملک بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 68فیصد آبادی نوجوان ہے جو ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے نوجوانوں کوکاروبار کرنے کیلئے ”کامیاب جوان“ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے تحت حکومت آسان شرائط پر قرضہ فراہم کر کے انہیں نہ صرف کاروبار کے موقع پیدا کررہی ہے بلکہ یہی کاروباری افراد لوگوں کیلئے روزگار کے حصول کا سبب بھی بنے گی۔اہم بات یہ ہے کہ ایسے پروگرام غیرسیاسی اور سفارش سے پاک بنائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بے شمار پروگرام وزیر اعظم پاکستان عمران خان عوام کیلئے مرتب کر رہے ہیں تاکہ پاکستان سے غربت کے خاتمہ کو یقینی بنایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بینک آف پنجاب کی طرف سے چیکوں کی تقسیم کی تقریب میں کیا۔اس موقع پرسینئرنائب صدر عرفان سہیل،نائب صدر محمد اصغربٹ، صوبائی وزیر برائے سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق،کنٹری ہیڈ بینک آف پنجاب غلام علی کھوکھر،کمشنر گوجرانوالہ سید گلزارحسین شاہ،آرپی او گوجرانوالہ ریاض حسین گاڑا،گیپکو چیف محسن رضا،صدر سیالکوٹ چیمبر اشرف ملک،صدر گجرات چیمبرثوبان بٹ،ریجنل ہیڈبینک آف پنجاب محمد خلیل،سابق صدور شیخ محمد نسیم،ملک ظہیر الحق کے علاوہ رضوان اسلم بٹ، چوہدری صدیق مہر،زین اشرف،عمراشرف،وقاص افضل کے علاوہ بزنس کمیونٹی کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
صدر چیمبر میاں عمر سلیم نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ان کی ٹیم پاکستان کومعاشی طور پر دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ گوجرانوالہ،سیالکوٹ اور گجرات کو گولڈن ٹرائی اینگل کی حیثیت حاصل ہے ہم سمجھتے ہیں کہ عثمان ڈار صاحب نہ صرف سیالکوٹ بلکہ پورے ریجن کے نمائندہ ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ اس ملک کی 68فیصد آبادی جو کہ نوجوان نسل پر مشتمل ہے انہیں کامیابی سے اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے ”کامیاب جوان“پروگرام کا آغاز کیا۔ اس پروگرام سے قبل مناسب روزگار نہ ہونے کی وجہ سے بے شمار تعلیم یافتہ نوجوان مایوسی کا شکار نظر آتے تھے جس سے ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ متاثر ہو رہا تھا۔بلاشبہ وزیر اعظم پاکستان کا ”کامیاب جوان“ پروگرام نوجوان نسل کیلئے امید کی کرن ثابت ہوگا۔ بعد ازاں چوہدری محمد اخلاق اور کنٹری ہیڈ بینک آف پنجاب غلام علی کھوکھر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس پروگرام کی تعریف کی۔

LEAVE A RESPONSE

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

×